نئی دہلی،30جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ آزادی کے بعد سے اس بار سب سے زیادہ عازمین، حج کا فریضہ انجام دیں گے۔ حج پر جانے والوں میں خواتین کی تعداد نصف ہے۔
مسٹر نقوی نے سنیچر کے روز یہاں حج کوآرڈینیٹر اور حج اسسٹنٹ افسران کے تربیتی کیمپ کی ایک میٹنگ میں کہا کہ اس برس ریکارڈ ایک لاکھ 75 ہزار 25 عازمین، سفر حج پر جارہے ہیں۔ حج کمیٹی کے ذریعہ ایک لاکھ 28 ہزار 702 عازمین فریضہ حج ادا کریں گے جن کے لئے 973 کروڑ روپے کی ادائیگی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں حج پر جانے کے لئے تقریباً تین لاکھ 55 ہزار 604 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں ایک لاکھ 89 ہزار 217 مرد نیز ایک لاکھ 66 ہزار 387 خواتین شامل تھیں۔اس برس پہلی بار 1308 خواتین بغیر محرم کے سفر حج پر جارہی ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے کئی طرح کے ٹیکس عائد کئے جانے اور ہندوستانی حکومت کی جانب سے حج سبسڈی کم کئے جانے کے باوجود مالی بوجھ ڈالے بغیر ملک سے ریکارڈ تعداد میں لوگ حج پر جارہے ہیں۔ اسی طرح پہلی بار بڑی تعداد میں خواتین حج کوآرڈینیٹر، حج اسسٹنٹ، خادم، ڈاکٹر اور معالج اسسٹنٹ کو سعودی عرب میں تعینات کیا گیا ہے۔ اس ٹیم میں 98 خواتین حج اسسٹنٹ افسر،حج اسسٹنٹ، حج کو آرڈینیٹر، ڈاکٹر وغیرہ لگائے گئے ہیں۔